امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں ہفتے کے روز سہ پہر کے وقت اچانک ہونے والی بڑی بجلی کی بندش سے شہر کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے جس کے نتیجے میں تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار گھروں اور کاروباری اداروں کی بجلی منقطع ہو گئی۔
بجلی کی بندش کا آغاز رچمنڈ اور پریسیڈیو محلوں سے ہوا جو بعد ازاں گولڈن گیٹ پارک کے اطراف اور شہر کے شمالی اضلاع کے بڑے حصے تک پھیل گئی۔ اس اچانک بلیک آؤٹ نے شہر کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کیا۔
پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی کے مطابق بجلی کی اس وسیع بندش کی بنیادی وجہ آٹھویں اور مشن اسٹریٹس کے قریب واقع ایک سب اسٹیشن میں لگنے والی آگ تھی جس کی اطلاع دوپہر تین بج کر پندرہ منٹ کے فوراً بعد ملی۔ آگ کے باعث سب اسٹیشن کے برقی نظام کو شدید نقصان پہنچا جس سے شہر کے تقریباً ایک تہائی صارفین کی بجلی منقطع ہو گئی۔

سان فرانسسکو فائر ڈیپارٹمنٹ نے بھی سب اسٹیشن میں آگ لگنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ نے اہم برقی آلات کو متاثر کیا جس کا بجلی کے گرڈ پر واضح اثر پڑا۔

حکام کا کہنا ہے کہ شام چار بجے تک بجلی کے گرڈ کو جزوی طور پر مستحکم کر لیا گیا تھا اور مزید صارفین کی بجلی منقطع ہونے کا خدشہ نہیں تاہم کمپنی نے واضح کیا کہ سب اسٹیشن پر ہونے والا نقصان گہرا اور وسیع ہے جس کی مرمت ایک پیچیدہ عمل ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بجلی کے گرڈ کو محفوظ طریقے سے دوبارہ فعال کرنا وقت طلب ہے اسی وجہ سے مکمل بحالی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
بجلی کی بحالی کی تازہ صورتحال
حکام کے مطابق سان فرانسسکو میں بجلی کی بندش اب بڑی حد تک ختم ہو چکی ہے۔ شہر کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے اور تقریباً 1 لاکھ 10 ہزار صارفین کو دوبارہ بجلی فراہم کی جا چکی ہے تاہم اب بھی 15 سے 20 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ صارفین کو بھی آج دوپہر تقریباً 2 بجے تک بجلی فراہم کر دی جائے گی جس کے بعد شہر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہونے کی توقع ہے۔
شہر کی زندگی مفلوج
بجلی کی بندش کے باعث سان فرانسسکو میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام شدید متاثر ہوا۔ متعدد مونی بس روٹس معطل یا محدود کر دیے گئے جبکہ کچھ بی اے آر ٹی ٹرین اسٹیشنز کو عارضی طور پر بائی پاس کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ کئی ریستوران، دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔

سڑکوں پر ٹریفک سگنلز بند ہونے کے باعث چوراہوں پر شدید ٹریفک مسائل پیدا ہوئے جبکہ شہر بھر میں کرسمس کی سجاوٹیں بھی اندھیرے میں ڈوب گئیں۔
سان فرانسسکو ڈیپارٹمنٹ آف ایمرجنسی مینجمنٹ نے صورتِ حال کو شدید ٹرانزٹ خلل قرار دیتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ حکام نے ڈرائیورز کو بند ٹریفک سگنلز کو فور۔وے اسٹاپ سمجھ کر گاڑی چلانے کی تلقین بھی کی۔

سان فرانسسکو کے میئر ڈینیئل لوری اور دیگر ایمرجنسی حکام نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ بعض پولیس اور ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ سب اسٹیشن میں آگ کو بجلی کی بندش کا اہم سبب قرار دیا جا رہا ہے، تاہم یہ جانچ ابھی جاری ہے کہ آیا اس کے علاوہ بھی کوئی عوامل اس واقعے میں شامل تھے یا نہیں۔

ادھر مقامی رہائشیوں کی جانب سے پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی کی جانب سے بروقت معلومات اور رابطے کی کمی پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ بجلی کی بندش سان فرانسسکو میں پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی کے تقریباً ایک تہائی صارفین کو متاثر کر گئی جس سے شہر کی معمول کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








