وفاقی حکومت نے زرعی شعبے میں مالی رسائی کو بہتر بنانے اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کیلئے نئی ڈیجیٹل ایپ زرخیزی متعارف کروا دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کسانوں کو رسمی بینکاری نظام سے جوڑنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
زرخیزی ایپ (Zarkhaizi app)کے ذریعے کسان اب گھر بیٹھے ڈیجیٹلی 10 لاکھ روپے تک قرض کیلئے درخواست دے سکیں گے۔ضروری تصدیق اور زرعی جانچ پڑتال کے بعد درخواست متعلقہ بینک کو قرض کی منظوری اور کارروائی کے لیے ارسال کی جائے گی۔
ایپ کی اہم خصوصیات
قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
قرض کی رقم کا 75 فیصد حصہ اشیاء کی صورت میں فراہم کیا جائے گا جس میں بیج، کھاد، زرعی ادویات اور دیگر ضروری سامان شامل ہے جو بینک کے منظور شدہ زرعی ڈیلرز کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
کسانوں کو فصلوں کی بہتر منصوبہ بندی اور پیداوار میں اضافے کے لیے زرعی مشاورتی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔
بینکوں کے لیے مراعات
حکومت نے مالیاتی اداروں کو چھوٹے کسانوں کو قرض فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے 10 فیصد ابتدائی نقصان کی ضمانت اور ہر قرض لینے والے کسان کے لیے 10 ہزار روپے آپریشنل سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔
ذرخیزی ایپ اس وقت گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے جبکہ کسان اپنے قریبی بینک کی شاخ سے بھی ڈیجیٹل رجسٹریشن اور رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








