بھارت نواز 8 دہشتگرد ہلاک! جانیں قلات میں دہشت گردوں کا کھیل ختم کیسے ہوا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی 24 دسمبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے قلات کے ایک علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جہاں بھارتی پراکسی گروہ فتنۂ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد سرگرم تھے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

فوجی ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 بھارت نواز دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جو مختلف تخریبی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

فوجی ترجمان نے مزید بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دیگر دہشت گرد عناصر کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے عزمِ استحکام کے ویژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گے۔

Related Posts