پنجاب حکومت نے گنے کے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات شروع کر دیئے ہیں اور شوگر ملز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسانوں کو گنے کی ادائیگیاں 15 دن کے اندر مکمل کریں۔
کین کمشنر پنجاب امجد حفیظ نے بتایا کہ حکومت کی بنیادی اصلاحاتی پالیسی کے تحت گنے کی خریداری، تول اور سی پی آر سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے ذریعے نہ صرف ادائیگیوں میں شفافیت آئے گی بلکہ کسانوں کو بروقت مالی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول اور کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ شوگر ملز کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور کسانوں کی ادائیگیوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس اقدام کی عملی مثال کے طور پر فیصل آباد کی چنار شوگر مل نے حال ہی میں کسانوں کو 68.3 ملین روپے کی ادائیگیاں کی ہیں جو حکومت کی جانب سے کسانوں کی فلاح اور سہولت کو یقینی بنانے کی کوششوں کا واضح ثبوت ہے۔
حکومتی اقدامات سے گنے کے کسانوں کی مالی حالت میں بہتری کے ساتھ شوگر انڈسٹری میں بھی شفافیت پیدا ہوگی اور کسانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








