کرکٹرز کو ہاتھ ملانے نہیں دیتے خود مصافحہ کرنے آگئے! ایاز صادق سے جے شنکر کی غیر معمولی ملاقات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ بیگم خالدہ ضیا کی آخری رسومات کے موقع پر ڈھاکہ میں ایک غیر معمولی سفارتی لمحہ دیکھنے میں آیا جب پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ نمائندے ایک ہی تقریب میں آمنے سامنے آئے۔ یہ منظر ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند ماہ قبل دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی اور جنگ جیسے حالات پیدا ہوچکے تھے۔

بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک نے اعلیٰ سطحی وفود ڈھاکہ روانہ کیے۔ بھارت کی نمائندگی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کی جبکہ پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں کی موجودگی نے نہ صرف بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا پیغام دیا بلکہ علاقائی سفارتی حلقوں میں بھی خاص توجہ حاصل کی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر بدھ کی صبح خصوصی طیارے کے ذریعے ڈھاکہ پہنچے جہاں بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ اور بھارتی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اسی دوران پاکستان ہائی کمیشن نے تصدیق کی کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق بھی ڈھاکہ پہنچے جہاں ان کا استقبال پاکستان ہائی کمشنر اور بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے کیا۔

بیگم خالدہ ضیا کی رہائش گاہ اور بعد ازاں نمازِ جنازہ کے موقع پر سردار ایاز صادق اور ڈاکٹر ایس جے شنکر کے درمیان مختصر ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور رسمی خیرسگالی کا تبادلہ کیا۔ سفارتی ماہرین کے مطابق اگرچہ یہ ملاقات مختصر تھی تاہم اس کی علامتی حیثیت غیر معمولی سمجھی جا رہی ہے کیونکہ یہ مئی میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا براہِ راست اور اعلیٰ سطحی رابطہ ہے۔

اس موقع پر نیپال، بھوٹان، مالدیپ اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے اعلیٰ نمائندے بھی ڈھاکہ میں موجود تھے، جو خالدہ ضیا کے علاقائی اثر و رسوخ کا واضح ثبوت ہے۔ تاہم تقریب میں سب سے زیادہ توجہ پاکستان اور بھارت کے نمائندوں کی ملاقات پر مرکوز رہی، جسے مستقبل میں ممکنہ سفارتی رابطوں کی ایک اہم علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Related Posts