چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور داخلی استحکام کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں۔قومی تحفظ کو درپیش کسی بھی خطرے پر پاک فوج میں زیروٹالرنس ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں ان کو فورس کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی استعداد میں اضافے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو فارمیشن کی آپریشنل اور جنگی تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دیتے ہوئے تربیتی مشقوں، جدید ٹیکنالوجی اور فوجی سہولیات پر بھی آگہی دی گئی۔ اس موقعے پر فیلڈ مارشل نے ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خصوصی فیلڈتریننگ مشق کے دوران جدید ترین ٹیکنالوجی اور حربی حکمتِ عملی کے عملی مظاہرے کا معائنہ کیا اور افسران اور جوانوں کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔
گفتگو کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ملک کے داخلی استحکام کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے پر پاک فوج کا رویہ زیروٹالرنس ہوگا۔ مسلح افواج میں اعلیٰ معیار کے نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








