غیر ضروری نقل و حرکت ختم کرکے نیوز چینلز پر نظریں رکھیں! وزارت خارجہ کی ایڈوائزری جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزارت خارجہ نے ایران میں جاری بڑھتی ہوئی بدامنی، احتجاجات اور سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

عہدیداروں کے مطابق، پاکستانی شہریوں کو اپنی حفاظت اور سلامتی کے لیے حالات بہتر ہونے تک اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایران میں موجود پاکستانی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ انتہائی احتیاط برتیں، مسلسل چوکس اور ہوشیار رہیں جبکہ غیر ضروری نقل و حرکت کم سے کم کریں۔ مقامی خبروں پر نظر رکھیں اور مقامی حکام کی ہدایات کی پابندی کریں۔ قریب ترین پاکستانی سفارتی مشن (تہران، زاہدان اور مشهد) سے باقاعدہ رابطے میں رہیں

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ ایڈوائزری عارضی ہے اور صورتحال کی بنیاد پر اس کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتخانہ تہران کے بحران انتظامی یونٹ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ اقدام حکومت پاکستان کی جانب سے اپنے شہریوں کی بیرون ملک حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا عکاس ہے خاص طور پر جب ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری ہیں اور حالات غیر متوقع طور پر تبدیل ہو رہے ہیں۔

Related Posts