تیسرے ٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے دی

تازہ ترین

تازہ ترین

پاک سری لنکا میچ

کپتان سلمان علی آغا کی دھواں دھار اننگ بھی کام نہ آئی، سری لنکا نے بارش سے متاثرہ تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست دے دی۔

دمبولا میں کھیلے گئے 3 میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے پہلے بولنگ کے فیصلے کے بعد سری لنکا کی ٹیم کو آغاز ہی میں نقصان اٹھانا پڑا۔ اوپنر پاتھم نسنکا پہلی ہی اوور میں نسیم شاہ کا شکار ہو کر صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

کامل مشارا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 8 گیندوں پر 20 رنز بنائے، جن میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا تاہم وہ محمد وسیم جونیئر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اس وقت اسکور 1.5 اوورز میں 22 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ تھا۔

اس کے بعد دھننجیا ڈی سلوا اور کشل مینڈس نے اننگز کو سنبھالا اور 32 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو پانچویں اوور میں 54 رنز تک پہنچایا تو پھر دھننجیا ڈی سلوا 15 گیندوں پر 22 رنز بنا کر چھٹے اوور کی پہلی گیند پر محمد نواز کا شکار بن گئے۔

کشل مینڈس کو چرِیتھ اسلانکا کی اچھی سپورٹ حاصل رہی اور دونوں نے مل کر نویں اوور میں ٹیم کا مجموعہ 100 رنز سے آگے پہنچایا تاہم محمد وسیم جونیئر نے کسل مینڈس کو 16 گیندوں پر 30 رنز پر آؤٹ کر کے 46 رنز کی شراکت توڑ دی۔

اس کے بعد فہیم اشرف نے چرِیتھ اسالنکا کو 13 گیندوں پر 21 رنز پر آؤٹ کر دیا، یوں 9.1 اوورز میں سری لنکا کا اسکور 102 رنز پر 5 وکٹیں ہو گیا۔

کپتان داسن شناکا اور جینتھ لیانگے نے آخری اوورز میں تیز رفتاری سے رنز جوڑے اور دونوں کے درمیان چھٹی کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

سری لنکا کا اسکور 154 تک پہنچا تو داسن شناکا وسیم جونیر کا شکار بن گئے، انہوں نے 9 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ جینتھ لیانگے 8 گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جب کہ وانیندو ہسرنگا بھی ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3 اوورز میں 54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ، محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح بارش کے باعث 12 اوورز تک محدود اننگز میں سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی اننگ کا آغاز کچھ اچھا نہ ہوسکا۔ صاحبزادہ فرحان 9 اور صائم ایوب چھ رنز کے مہمان ثابت ہوئے، تاہم تیسری وکٹ پر کپتان سلمان علی آغا نے جم کر سری لنکن بالرز کا مقابلہ کیا اور صرف بارہ گیندوں پر پانچ چوکوں اور چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نواز نے مقابلہ کیا تاہم وہ 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد وکٹیں گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 160 کے مقابلے میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان کو 14 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

Related Posts