عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ایم ایم اے فائٹر انیتا کریم نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خواتین کی پہلی پروفیشنل ایم ایم اے فائٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پرو فیشنل ایم ایم اے لیگ انفنیٹ چیمپئن شپ منعقد ہوئی۔ پاکستان میں خواتین کی پہلی پروفیشنل ویمنز ایم ایم اے فائٹ انیتا کریم نے اپنے نام کر لی۔ خواتین کی 52 کلوگرام ٹائیٹل فائٹ میں انیتا کریم نے ایران کی پریسا شمش آبادی کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔
پاکستان کے خوبصورت علاقے ہنزہ سے تعلق رکھنے والی انیتا کریم پاکستان کی پہلی پروفیشنل ایم ایم فائٹر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار فتوحات حاصل کیں۔ انیتا کریم نے پہلی مرتبہ اپنی سر زمین پر پروفیشنل ایم ایم ٹائٹل فائٹ جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
یہی نہیں بلکہ ہنزہ سے تعلق رکھنے والی انیتا کریم پاکستان کی پہلی پروفیشنل ویمن ایم ایم اے فائٹر سمجھی جاتی ہیں، جنہوں نے ایک مشکل اور غیر روایتی سفر طے کر کے خود کو عالمی سطح پر منوایا۔ انہوں نے ایسے وقت میں اس کھیل کا انتخاب کیا جب پاکستان میں خواتین کے لیے ایم ایم اے کے مواقع نہ ہونے کے برابر تھے۔
محدود سہولیات، معاشرتی دباؤ اور وسائل کی کمی کے باوجود انیتا کریم نے اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اور متعدد فتوحات اپنے نام کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کردیا۔انیتا کریم کی کامیابی کو پاکستان میں خواتین کے مارشل آرٹس کیلئے اہم سنگ میل سمجھا جارہا ہے جو نئی نسل کی لڑکیوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








