کلائمیٹ ایکشن سینٹر کراچی نے شہر میں کلائمیٹ ویک کراچی 2026 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ ایک ہفتے پر محیط سلسلہ وار پروگرام ہو گا جس کا مقصد مکالمے، فنونِ لطیفہ، پالیسی مباحثوں اور کمیونٹی کی بھرپور شرکت کے ذریعے کراچی کے موسمی مستقبل کو ازسرِنو تصور کرنا ہے۔
کلائمیٹ ویک کراچی جنوری 2026 کے آخری ہفتے سے فروری 2026 کے آغاز تک منعقد کیا جائے گا جس کی مجوزہ تاریخیں 29 جنوری سے 3 فروری 2026 کے درمیان رکھی گئی ہیں۔
اس پروگرام میں کمیونٹی لیڈرز، نوجوان، ماحولیاتی کارکن، پیشہ ور ماہرین، سرکاری افسران، سول سوسائٹی تنظیمیں، اساتذہ، فنکار اور بچے ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔ اس اجتماع کا مقصد کراچی کو درپیش سنگین موسمی چیلنجز کو اجاگر کرنا اور ان کے لیے مربوط، عملی اور پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق کلائمیٹ ویک کراچی کے مختلف ایونٹس شہر کے ثقافتی اور تعلیمی مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔ یہ سرگرمیاں کراچی میں موسمی ایکشن پر کام کرنے والی متعدد مقامی اور شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے منعقد ہوں گی۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد موسمی ایکشن کو مرکزی دھارے میں لانا، کراچی کی مقامی حقیقتوں کو عالمی موسمی مسائل سے جوڑنے والی مؤثر اور بامعنی کہانیاں تخلیق کرنا، اور اجتماعی تخیل و عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے تاکہ کراچی کو موسمی لچک، پائیداری اور منصفانہ مستقبل کی بحث و جدوجہد کا مرکز بنایا جا سکے۔
کلائمیٹ ویک کراچی 2026 کے اہم موضوعات میں درج ذیل شعبے شامل ہوں گے:
انڈس ریور کا بحران، سیلاب، شدید گرمی کی لہریں، کچرے کا انتظام، نکاسیٔ آب اور پانی کے مسائل، حیاتیاتی تنوع، گرین انرجی اور صاف ٹرانسپورٹ، ہوا کا معیار، ڈیجیٹل مستقبل، کلائمیٹ فنانس، اور کلائمیٹ ہیومینٹیز (موسمیات اور انسانی علوم)۔
منصوبہ بند سرگرمیوں میں کلائمیٹ گپ شپ سیشنز اور مکالمے، فلم اسکریننگز، عملی نوعیت کی ورکشاپس، پرفارمنسز (جس میں موسیقی، تھیٹر، شاعری اور کہانی سنانا شامل ہو گا) اور آرٹ و سائنس کے اسٹالز شامل ہوں گے جہاں موسمی جدت اور تخلیقی حل پیش کیے جائیں گے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ کلائمیٹ ویک کراچی 2026 شہر کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے جس کا مقصد شہریوں کو موسمی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مزید باشعور، متحرک اور پُرامید بنانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








