بے گناہ شہری کو قتل کرکے بیرون ملک فرار ہونے والے شاطر ملزم کو 26 سال بعد کیسا پکڑا گیا، سنسنی خیز اسٹوری

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

حافظ آباد پولیس نے انٹرپول کی مدد سے ایک مشترکہ بین الاقوامی آپریشن کے دوران قتل کے مقدمے میں 26 برس سے مفرور ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق حافظ آباد پولیس کے اسپیشل آپریشن سیل نے باقاعدہ طور پر انٹرپول سے رجوع کیا، جس کے بعد ملزم کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کیا گیا اور اسی بنیاد پر اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ملزم علی محمد عرف شفقت کو عمان کے دارالحکومت مسقط سے گرفتار کیا گیا۔ وہ سال 2000 میں اللہ دتہ نامی شہری کے قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

جرم کے ارتکاب کے بعد ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرونِ ملک فرار ہو گیا تھا اور دو دہائیوں سے زائد عرصے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت سے باہر رہا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری مسلسل کوششوں، مربوط انٹیلی جنس معلومات اور مؤثر بین الاقوامی تعاون کے نتیجے میں ممکن ہو سکی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے کہا کہ یہ کامیاب بین الاقوامی کارروائی حافظ آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کی عکاس ہے۔ حکام کے مطابق انہی پیشہ ورانہ کاوشوں کے باعث اشتہاری ملزم کو بالآخر قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔

ڈی پی او حافظ آباد کی قیادت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے تاکہ سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان اور مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔

Related Posts