ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حکومتِ خیبر پختونخوا نے نمایاں سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے نام شامل ہیں۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہان نے بتایا کہ یہ نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فینسی اور “یونیک چوائس” نمبر پلیٹس کی بولی ایک ملین روپے (10 لاکھ) سے شروع ہوگی، جبکہ سب سے زیادہ بولی دینے والے کو اپنی پسندیدہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام والی نمبر پلیٹ دی جائے گی۔
صوبائی وزیر کے مطابق آئندہ مراحل میں مزید قومی رہنماؤں، معروف شخصیات، علاقوں اور قبائل کے نام بھی نیلامی میں شامل کیے جائیں گے۔
فخر جہان نے بتایا کہ گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے نیلامی کے عمل میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے اور اس اقدام سے قومی خزانے کے لیے خاطر خواہ آمدن متوقع ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق شہری “دستک” ایپ کے ذریعے شرکت کے لیے درخواستیں جمع کرا رہے ہیں، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








