کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے 3سالہ بچے کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ انس کو ایک نامعلوم خاتون گود میں لے کر پارک سے باہر لے گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے فیملی پارک سے 3سالہ انس کے اغوا کے کیس میں نیا موڑ سامنے آگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون بچے کو اغوا کرکے پارک سے باہر لے جاتی ہے۔ بچے کے ورثا نے فوٹیج میں نظر آنے والے بچے کو پہچان لیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بچے کے اغوا کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچے کے مبینہ اغوا کا مقدمہ تھانہ حیدری میں درج کرلیا گیا ہے، 3 سالہ انس 11 جنوری اتوار کے روز فیملی پارک میں آیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاندان کا ایک ہی شخص گھر کے 12سے13 بچوں کو سیر کرانے کیلیے پارک لایا تھا، 3سالہ انس اتحاد ٹاؤن کا رہائشی ہے۔پارک کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی گئی ہے، تاہم بچے کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے، امید ہے جلد کامیابی ملے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








