جعلی کراچی مہندی کا بھانڈا پھوٹ گیا! بڑا نیٹ ورک بے نقاب؛ لاکھوں کا مال ضبط

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارتی شہر حیدر آباد کی ٹاسک فورس نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں بالا پور اور افضل گنج جعلی کراچی کون مہندی بنانے اور سپلائی کرنے والے ایک غیر قانونی نیٹ ورک کے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی جعلی مہندی اور متعلقہ سامان ضبط کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر بیک وقت دو مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ ایک کارروائی بالا پور کے مینار کالونی میں واقع ایک رہائشی مکان میں کی گئی جبکہ دوسری کارروائی افضل گنج کے علاقے میں واقع ایس کے ایس ٹراویلس اینڈ کارگو کے دفتر پر عمل میں لائی گئی۔

چھاپوں کے دوران مینار کالونی کے رہائشی محمد آصف اور دیپک کمار کو گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ محمد آصف طویل عرصے سے بغیر کسی رجسٹرڈ برانڈ یا لیبل کے مہندی تیار کر رہا تھا۔ بعد ازاں فروخت میں کمی کے باعث اس نے مارکیٹ میں مقبول برانڈ کراچی مہندی کے نام سے نقلی مہندی کونز تیار کرنا شروع کر دیں۔

پولیس کے مطابق تیار کی جانے والی جعلی مہندی کو دیپک کمار کے ذریعے اصل پروڈکٹ ظاہر کر کے حیدرآباد، سکندرآباد اور دیگر علاقوں میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔

کارروائی کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر 8 ہزار 400 نقلی کراچی مہندی کونز برآمد کیں جبکہ مہندی تیار کرنے اور بھرنے کی مشینیں، مختلف کیمیکل، رنگ، پیکنگ میٹیریل، خالی کونز، موبائل فونز اور دیگر متعلقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ ضبط شدہ سامان کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

Related Posts