میانوالی ماڑی انڈس سے لاہور جانے والی میانوالی ایکسپریس کی ایک بوگی میں مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پائی خیل ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔ شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سے بچنے کیلئے مسافر بروقت بوگی سے اتر گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تمام مسافر محفوظ ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقعے پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کو میانوالی روانہ کرنے سے قبل ضروری کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کی ایم اے جناح روڈ پر واقع مشہورومعروف گل پلازہ میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا، جبکہ عمارت میں متعدد افراد تاحال پھنسے ہوئے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عمارت کا عقبی حصہ زمیں بوس ہوگیا اور آتشزدگی سے پوری عمارت گرجانے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں آگ گزشتہ شب لگی۔ آتشزدگی سے 5افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک ہے تاہم یہ اعدادوشمار تاحال حتمی نہیں ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








