بھارت کے پنجابی موسیقی کے معروف گلوکار بی پراک کو بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے 10 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنگین دھمکیاں دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گینگ کے مبینہ رکن ارجو بشنوئی نے 6 جنوری 2026 کو بی پراک کے قریبی ساتھی اور پنجابی گلوکار دل نور عرف بابلو کو واٹس ایپ پر ایک وائس میسج ارسال کیا جس میں بھتے کا مطالبہ اور جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
وائس میسج میں کہا گیا کہ میں ارجو بشنوئی بول رہا ہوں۔ بی پراک تک میرا پیغام پہنچا دو کہ ہمیں 10 کروڑ روپے چاہئیں۔ تمہارے پاس ایک ہفتے کا وقت ہے۔ تم کسی بھی ملک میں چلے جاؤ لیکن بی پراک کے ساتھ جو بھی نظر آئے گا اسے نقصان پہنچایا جائے گا۔ اس پیغام کو مذاق نہ سمجھنا۔ اگر تعاون کیا تو ٹھیک ورنہ بی پراک کو مٹی میں ملا دیں گے۔
دھمکی موصول ہونے کے بعد دل نور نے فوری طور پر موہالی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SSP موہالی) کو تحریری شکایت دی جس پر سوہانہ تھانے میں بھارتیہ نیایہ سنہتا کے سیکشن 308(4) (ایکسٹورشن) اور 351(3) (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بی پراک کی حفاظت سخت کر دی گئی ہے۔ بی پراک کا تعلق موہالی سے ہے اور وہ معروف میوزک ڈائریکٹر ورندر بچن کے صاحبزادے ہیں۔ بی پراک نے فلم کیسری کا مشہور گیت تری مٹی، اس کے علاوہ فلحال، پچھتاوگے اور فلم شیرشاہ کا گیت رنجھا سمیت کئی سپر ہٹ گانے گائے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ہائی پروفائل شخصیات کو نشانہ بنانے کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہو سکتا ہے تاہم یہ پہلو بھی زیرِ تفتیش ہے کہ آیا دھمکی واقعی گینگ کی جانب سے دی گئی ہے یا کسی نے اس گینگ کے نام کا غلط استعمال کیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ جلد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








