سانحہ گل پلازہ سے جہاں پورا کراچی سوگوار ہے اور کراچی کی تاجر کمیونٹی غمزدہ ہے، وہاں شہر کے دو معروف تجارتی مراکز ڈولمین مال اور اٹریئم مال نے گُل پلازہ میں تباہ کن آگ سے متاثرہ تاجروں کی اشک شوئی کے اقدامات کا اعلان کرکے دل جیت لیے ہیں۔
ڈولمین مال نے گُل پلازہ کے دکان داروں کو مفت ریٹیل اسپیس فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو دوبارہ شروع کر سکیں اور نقصان سے بحالی اور تعمیر نو کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔
ڈولمین مال انتظامیہ نے کہا کہ یہ اقدام ریٹیل کمیونٹی کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے ہونے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اسی طرح اٹریئم مال نے بھی آگے بڑھ کر گُل پلازہ کے تاجروں کے لیے مفت اسٹالز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد متاثرہ تاجروں کو کاروبار دوبارہ شروع کرنے اور مالی استحکام حاصل کرنے میں مدد دینا ہے۔
دونوں مالز نے زور دیا کہ مشکل وقت میں اجتماعی تعاون اور حمایت ضروری ہے اور یہ پیغام دیا کہ ریٹیل کمیونٹی مل کر دوبارہ تعمیر اور مضبوط ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ 17 جنوری 2026 کی رات 22:15 بجے پاکستان معیاری وقت کے مطابق کراچی کے محمد علی جناح روڈ پر واقع گُل پلازہ شاپنگ سینٹر میں ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی۔
آگ ملٹی اسٹوری کمرشل عمارت میں تیزی سے پھیل گئی، جس کے نتیجے میں اب تک 61 افراد ہلاک، متعدد زخمی اور اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








