گل پلازہ کے دکانداروں کو 5،5 لاکھ روپے، 1 کروڑ بلاسود قرض دیں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ

تازہ ترین

تازہ ترین

گل پلازہ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ کے دکانداروں کو دوبارہ آباد کیا جائے گا جبکہ دکانداروں کو 5،5 لاکھ روپے فی کس دئیے جائیں گے اور 1 کروڑ روپے تک بلا سود قرض بھی دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحے کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا جرم کے برابر ہے۔ مجھے کہنا پڑ رہا ہے کہ چور کی داڑھی میں تنکا ہوتا ہے۔ لوگوں کی لاشوں پر اپنا کوئی اور ایجنڈا شروع نہ کریں۔گل پلازہ کی حالت ایسی ہے کہ اسے گرانا پڑے گا۔

اجلاس میں تقریر کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ سانحے میں حکومتی اداروں کی اور میری بھی غفلت ہوئی تو سزا ملے گی۔ قانون میں ایسا کچھ نہیں ہے کہ وفاق صوبے کے کسی حصے کو آ کر کنٹرول کرے۔ ایک سانحے پر کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات نہیں کرنی چاہئے۔ مجھے بتائیں 18ویں ترمیم سے اس واقعے پر کیا اثر پڑا؟

تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ اب اس قابل نہیں کہ وہاں کاروبار ہوسکے۔ دو عمارات خالی ہیں۔ ایک میں 500 اور دوسری میں 350 دکانیں ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے پاس پارکنگ پلازہ بھی موجود ہے۔ کراچی چیمبر کے تعاون سے 2 ماہ کے اندر گل پلازہ کے دکانداروں کو متبادل دیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گل پلازہ کے دکانداروں کو 1 کروڑ تک کا بلا سود قرضہ دیا جائے گا۔ سانحہ گل پلازہ کا کوئی ذمہ دار سزا سے بچ نہیں سکے گا۔ گل پلازہ میں جتنی دکانیں ہیں، صرف اتنی ہی دوبارہ بنیں گی۔ گل پلازہ کی ایک دکان بھی اضافی نہیں بنے گی۔ وزیر داخلہ سندھ کو واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے کہا ہے۔

 

Related Posts