نصابی کتب اور یونیفارم مخصوص دکانوں سے خریدنے پر پابندی عائد

تازہ ترین

تازہ ترین

نصابی کتابیں
(فوٹو: آن لائن)

پنجاب کی مریم نواز حکومت نے نجی اسکولز کی اجارہ داری کے خلاف اقدام اٹھاتے ہوئے نصابی کتب اور یونیفارمز  مخصوص دکانوں سے خریدنے پر پابندی عائد کردی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ اس اقدام سے بچوں کے والدین کی معاشی پریشانیوں میں کچھ کمی ہوسکے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نصابی کتب، یونیفارمز اور دیگر تعلیمی سازوسامان نجی اسکولز کی جانب سے مخصوص کی گئی دکانوں سے خریدنے پر پابندی لگائی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے نوٹس جاری کردیا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے والدین اور طلبہ کو مخصوص پوائنٹس سے خریداری پر مجبور کرنے والے نجی اسکولز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹس کے مطابق نجی تعلیمی ادارے والدین کو مخصوص وینڈرز یا سروس پر مجبور نہیں کرسکیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ کسی مخصوص دکان سے اشیا خریدنے پر مجبور کرنا پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے جس پر نجی اسکولز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے اقدامات کی شکایت کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نجی اسکولز کے غیر قانونی اقدامات کی شکایت متعلقہ ایجوکیشن اتھارٹی یا وزیر اعلیٰ کے شکایتی سیل کو درج کرائی جاسکتی ہیں۔ والدین کے حقوق کا تحفظ اور نجی اسکولز سے متعلق قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Related Posts