سیکیورٹی کلئیرنس بھی مل گئی تھی مگر پکڑے گئے! عمرہ زائرین کی ممنوعہ اشیاء اسمگلنگ کی کوشش

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران عمرہ پر جانے والے مسافروں سے بھاری مقدار میں ممنوع اشیاء برآمد کر لی گئیں جبکہ پانچ مسافروں اور ان کے تین سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مسافروں کی شناخت شاہ فیصل، محمد ہاشم، اسداللہ، وقاص اور محسن شیخ کے نام سے ہوئی ہے جو پاکستانی پاسپورٹس پر عمرہ ویزا حاصل کرکے سعودی عرب روانگی کی تیاری کر رہے تھے۔

حکام کے مطابق مذکورہ مسافر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)، کسٹمز اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے تین اہم سیکیورٹی چیک پوائنٹس عبور کرنے کے بعد امیگریشن کاؤنٹر پر کلیئرنس کے لیے پہنچے۔

امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات افسران نے مسافروں کی مشکوک حرکات کو نوٹس میں لیتے ہوئے انہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے انچارج اور جنرل ریکوئسٹ آفیسر (جی آر او) کے پاس ریفر کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ کسی بھی مسافر کے پاس ہوٹل بکنگ موجود نہیں تھی اور نہ ہی ان کے پاس عمرہ کی ادائیگی کے لیے مناسب مالی وسائل تھے۔

مزید تفتیش کے دوران مسافروں کا سامان چیک کیا گیا جس میں سگریٹ، نسوار، تمباکو، ادویاتی کریمیں، چھالیہ (بیٹل نٹس) اور دیگر ممنوع اشیاء کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تین سہولت کاروں کو بھی ایئرپورٹ کے احاطے سے حراست میں لیا گیا جنہوں نے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ تمام آٹھ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تفتیش کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حکام اس امر کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ مذکورہ مسافر تین اہم سیکیورٹی اداروں کے چیک پوائنٹس عبور کر کے امیگریشن کاؤنٹر تک کیسے پہنچے۔

Related Posts