عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت تشویشناک؟ چیئرمین پی ٹی آئی کا اہم بیان سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کو بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق شدید تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات کا معاملہ سیاسی نہیں بلکہ ایک بنیادی انسانی اور قانونی حق ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ منگل عمران خان سے ملاقات کا مقررہ دن ہے اور اس عمل کو کسی بھی صورت سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس بات پر زور دیتی ہے کہ ملاقاتیں عدالتی احکامات کے مطابق ہونی چاہئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ہفتے پارٹی قیادت پندرہویں مرتبہ چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے آئی تاہم ملاقات نہ ہو سکی۔ اس موقع پر ایک تحریری پیغام چھوڑا گیا جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی اپیل کی گئی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ہر قیدی کا قانونی حق ہے۔ اسی سلسلے میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے ملاقات کی باقاعدہ درخواست جمع کروائی گئی ہے جبکہ ایک خط ایم این ایز کے دستخطوں کے ساتھ چیف جسٹس کو بھی ارسال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے معاملے پر پارٹی کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی جیسے حساس مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اور سنجیدہ عملدرآمد ناگزیر ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ ملاقاتوں یا کسی قسم کے مذاکرات سے متعلق نہ کوئی رابطہ ہوا ہے اور نہ ہی کوئی کمٹمنٹ دی گئی ہے۔

Related Posts