بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایک ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سات افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ پر یک مچ کے قریب پیش آیا جہاں ایک پراڈو گاڑی اور ڈبل کیبن آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں بری طرح تباہ ہو گئیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں چار خواتین، دو بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور لاشوں کو نکال کر یک مچ سے دالبندین پرنس فہد اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او یک مچ کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم ابتدائی شواہد کے مطابق تیز رفتاری یا غفلت حادثے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








