بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے انہوں نے جھوٹے کیسز بنائے کہ عمران خان بھاگ جائیں گے لیکن وہ بھاگے نہیں، بلکہ انہوں نے ہر کیس کا مقابلہ کیا اور جب وہ سرخرو ہوگئے ہیں، اب انہیں ایسا کوئی جج نہیں مل رہا جو سزا سنائے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس لیے کیسز ہی نہیں لگائے جا رہے، ججز کو انصاف دینے کیلئے اس کرسی پر بٹھایا جاتا ہے، اگر وہ انصاف نہیں دے سکتے، کوئی دباؤ ہے تو خود کو الگ کرلیں۔
میں عمران خان کی بہن ہوں، مجھے کوئی نہیں روک سکتا، عظمیٰ خان
ان کا کہنا تھا کہ جج ڈوگر نے ایک سال سے القادر کیس نہیں سُنا، دوسرا کیس، توشہ خانہ 2، جس میں جیل انتظامیہ وکالت نامے پر دستخط ہی نہیں کروانے دے رہی۔ یہ دونوں اتنے احمقانہ کیسز ہیں کہ 5 منٹ میں ختم ہوسکتے ہیں۔ جج ڈوگر کی عدالت ہمارا اگلا پڑاؤ ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا اپوزیشن پارٹیز الائنس کی جانب سے 8 فروری کو پاکستان بند کرنے کی کال دی گئی ہے، تاکہ ہم یہ بتائیں کہ ہمارا ووٹ چوری کیا گیا ہے۔ صرف ایک دن، سب کچھ بند کرکے آپ سب اُس شخص کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، جو تقریباً 3 سال سے ناحق قید میں ہے۔ اگر وہ آپ کیلئے جیل کاٹ سکتے ہیں، تو آپ بھی ایک دن اپنے اور اپنے ملک کیلئے احتجاجاً سب کچھ بند کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر بسنت فروری کے درمیان میں منائی جاتی ہے، لیکن احتجاج کے خوف سے اسے پہلے ہی منایا جا رہا ہے۔ اب سرخ و سبز رنگ اور قیدی نمبر 804 لِکھ کر پتنگیں اڑیں گی۔ سارا لاہور آسمان پر قیدی نمبر 804 دیکھے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








