مہاراشٹر کے ڈپٹی چیف منسٹر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سینئر رہنما اجیت پوار کا طیارہ آج 28 جنوری کو بارامتی (ضلع پونے) میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا جب اجیت پوار ممبئی سے بارامتی کے سفر پر تھے جہاں انہیں مختلف سیاسی پروگراموں اور عوامی اجتماعات میں شرکت کرنا تھی۔
ذرائع کے مطابق چارٹرڈ طیارہ بارامتی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران رن وے سے پھسل گیا جس کے بعد شدید تصادم ہوا۔ بعض رپورٹس میں طیارے میں آگ لگنے اور دھماکے کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) اور دیگر سرکاری ذرائع کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر مسافروں کی تعداد اور جانی نقصان سے متعلق متضاد اطلاعات موصول ہوئیں تاہم بعد میں بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے جن میں اجیت پوار بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے حتمی اور سرکاری تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ این سی پی کی سینئر قیادت بشمول سوپریا سلی، سنیتا پوار اور پرتھ پوار کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے جو مختلف مقامات سے بارامتی روانہ ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجیت پوار ممبئی میں کابینہ اجلاس میں شرکت کے بعد بارامتی جا رہے تھے جہاں آئندہ دنوں میں ضلعی سطح کے سیاسی اور تنظیمی پروگرامز شیڈول تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








