محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک 2026 کے آغاز سے متعلق تازہ فلکیاتی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔ اس کے مطابق پاکستان میں رمضان کا پہلا روزہ 19 فروری 2026 (جمعرات) کو شروع ہونے کا قوی امکان ہے، کیونکہ 18 فروری کی شام رمضان کا چاند نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق رمضان المبارک کا نیا چاند 17 فروری 2026 کو شام تقریباً 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہو گا۔ چاند کی پیدائش کے بعد اگلے دن یعنی 18 فروری کو اس کی عمر اور آسمانی حالات رویت کے لیے مناسب نظر آ رہے ہیں جس سے چاند دیکھنے کا امکان نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔
کراچی کے حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ 18 فروری کو چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی۔ اس دن کراچی میں سورج غروب ہونے کا وقت شام 6 بج کر 25 منٹ جبکہ چاند غروب ہونے کا وقت شام 7 بج کر 24 منٹ ہے۔ یہ وقفہ (تقریباً ایک گھنٹہ) چاند کی رویت کے لیے کافی موزوں سمجھا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ یہ پیش گوئی فلکیاتی حساب کتاب اور رویت کے ممکنہ حالات پر مبنی ہے۔ تاہم رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اگر 18 فروری کو چاند نظر آ گیا تو یکم رمضان 19 فروری سے شروع ہو گا ورنہ ایک دن کا فرق ممکن ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








