نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے واٹس ایپ کے ذریعے خواتین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے اور آن لائن بلیک میلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم عبداللہ جہانگیر کا تعلق گوجر خان سے ہے اور وہ طویل عرصے سے خواتین کو نازیبا مواد کے ذریعے بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ اور دو موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں، جن سے حساس ڈیٹا ملنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم خواتین کی ویڈیوز اور تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر انہیں بلیک میل کرتا تھا۔
یہ کارروائی انسپکٹر بصیرت سلیمان کی سربراہی میں کامیاب چھاپے کے دوران عمل میں آئی، جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق برآمد شدہ الیکٹرانک آلات کو مزید شواہد کے حصول کے لیے تفصیلی فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ مزید انکشافات کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








