ورلڈ کپ: پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار نہیں کیا۔ہم کولمبو جائینگے۔بھارتی کپتان

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارت
(فوٹو: آن لائن)

آئی سی سی ٹی 2 ورلڈ کپ 7فروری سے شروع ہورہا ہے جس سے 2 روز قبل 5فروری کو تمام کپتانوں کی میٹنگ ہوئی۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا، ہم کولمبو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین ہائی وولٹیج میچ 15فروری کے روز سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں شیڈول ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم سوریا کمار یادو کا کہنا ہے کہ ہماری ذہنیت بہت واضح ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوریا کمار یادو کے مطابق بھارت نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار نہیں کیا، لیکن پاکستان نے کیا ہے۔ بھارتی ٹیم کی پروازیں بک ہیں اور وہ کولمبو جائیں گے۔ سوریا کمار یادو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا فیصلہ میرے ہاتھ میں نہیں، کاش ایسا ہوتا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریا کمار یادو نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے خلاف کھیلنے کیلئے کہا گیا ہے اور میچ شیڈولڈ ہے۔ ہم ایشیا کپ میں 3 بار پاکستان کے خلاف کھیل چکے اور وہاں بہترین کرکٹ کھیلی، اگر دوبارہ کھیلنے کا موقع ملا تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اگر میچ فکس ہوا تو پاکستان کے خلاف کھیلنے ضرور جائیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے ساتھ بھارتی کرکٹ بورڈ کے تنازعے کے بعد بنگلہ دیش نے سکیورٹی وجوہات کے باعث بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس پر آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کا بائیکاٹ کیا ہے۔

یہاں یہ واضح کرتے چلیں کہ پاکستان بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کے اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، تاہم بھارتی سیاستدان ششی تھروور کے مطابق وقت آگیا ہے کہ بنگلہ دیش، بھارت اور پاکستان سر جوڑیں اور پاکستان اور بھارت کا رکا ہوا میچ کروانے کیلئے کوئی راستہ نکالیں۔

Related Posts