نیو یارک پولیس نے پاکستانی طالبہ پر تیزاب حملے میں ملوث ملزم کو نیو یارک کے قریب لانگ آئی لینڈ کے علاقے سے گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کے نتیجے میں پاکستانی نژاد امریکی طالبہ جھلس کر شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق نیو یارک پولیس گزشتہ 5 سال سے ملزم کی تلاش میں تھی، تفتیش کے بعد پاکستانی نژاد امریکی میڈیکل طالبہ نافیہ اکرام پر حملے میں ملوث مشتبہ شخص کی گرفتاری تو عمل میں لائی گئی، تاہم نیو یارک پولیس نے تاحال ملزم کی شناخت کے متعلق میڈیا کو آگہی نہیں دی۔
پولیس کے مطابق ملزم کو ڈیجیٹل ٹریکنگ اور جدید فرانزک شواہد کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے پاکستانی طالبہ کو 17مارچ 2021 کے روز اس وقت تیزاب حملے کا نشانہ بنایا جب وہ لانگ آئی لنیڈ میں اپنے گھر کے باہر موجود تھیں۔ ملزم نے طالبہ کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔
خوفناک تیزاب گردی کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، تاہم حملے کے نتیجے میں طالبہ نافیہ کی بینائی متأثر ہوئی اور چہرے پر گہرے زخم آئے، اس کے بعد امریکا کی مسلم برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، معاملے کو اعلیٰ ترین سطح پر اٹھائے جانے کے بعد تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








