انتہا پسند مودی سرکار نے تبلیغی جماعت کے متعدد ارکان گرفتار کرلیے

تازہ ترین

تازہ ترین

تبلیغی جماعت کے ارکان گرفتاری کے بعد، فوٹو انڈیپنڈنٹ
تبلیغی جماعت کے ارکان گرفتاری کے بعد، فوٹو انڈیپنڈنٹ

بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع بانسواڑہ میں پولیس نے تبلیغی جماعت سے وابستہ 12 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ بانسواڑہ کے علاقے باگی دورہ میں پیش آیا، جہاں گجرات کے شہر گودھرا سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے افراد کا ایک وفد قیام پذیر تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کی شکایات اور امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر ان افراد کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔

پولیس کا موقف ہے کہ اسلامی تبلیغی وفد متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت لیے بغیر مذہبی سرگرمیوں میں مصروف تھا، جبکہ جماعت کے ارکان کا کہنا ہے کہ وہ رمضان کی آمد سے قبل مسلمانوں کو نماز اور دینی تیاری کی دعوت دینے کے لیے آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ضروری پوچھ گچھ اور شناخت کے عمل کے بعد پولیس نے تمام افراد کو وارننگ دے کر ضلع کی حدود سے روانہ کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی سے بچنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی اور شہریوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی۔

واضح رہے کہ تبلیغی جماعت غیر مسلموں کو دین اسلام کی تبلیغ نہیں کرتی، بلکہ تبلیغی جماعت صرف مسلمانوں کو ہی دینی اعمال نماز، روزہ اور دوسرے اسلامی فرائض اور احکام پر عمل کی دعوت دیتی ہے۔

Related Posts