گھر بیٹھے اپنی گاڑی کیلئے من پسند نمبر کیسے حاصل کریں؟ جانیں مکمل تفصیل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے گاڑیوں کے پرکشش یا فینسی نمبرز کی فروری کی نیلامی کے لیے آن لائن رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ شہری اب ای آکشن موبائل ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی پسند کے نمبر کیلئے اندراج کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 2 مارچ مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام کا مقصد نیلامی کے عمل کو شفاف، آسان اور عوام کی دسترس میں لانا ہے تاکہ من پسند رجسٹریشن نمبر کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ ای آکشن پلیٹ فارم پر موٹر سائیکلوں، نجی گاڑیوں اور کمرشل وہیکلز کے نمبرز نیلامی کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی آن لائن دیکھی جا سکیں گی۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے محکمہ ایکسائز کے اشتراک سے یہ ای آکشن سسٹم تیار کیا ہے۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فینسی نمبرز کی نیلامی کا روایتی طریقہ کار ڈیجیٹل نظام میں تبدیل ہو گیا ہے جس سے شفافیت میں اضافہ اور شہریوں کو تیز رفتار آن لائن سہولت کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔

سرکاری حکام نے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے نیلامی کے عمل میں حصہ لیں۔

Related Posts