کولمبو میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحانہ بیٹنگ جاری ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے میچ کے پہلے اوور کا آغاز محتاط انداز میں کیا، تاہم پہلے ہی اوور میں کپتان سلمان علی آغا نے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کردیا، جن کا کیچ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پکڑا۔
تاہم بعد ازاں بھارتی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ شروع کردی اور 15اوورز کے اختتام تک 4وکٹس کے نقصان پر 127رنز بنائے۔ اس دوران وکٹ کیپر ایشان کشن سب سے خطرناک بیٹر رہےجس نے 3چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 40گیندوں پر 77رنز بنائے تھے۔انہیں صائم ایوب نے 9ویں اوور کی چوتھی گیند پر بولڈ کردیا۔
پندرہویں اوور کے دوران صائم ایوب نے 1چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 24گیندوں پر 25رنز بنانے والے تلک ورما کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ یوں 3وکٹس کے نقصان پر بھارت کا اسکور 126 ہوا کہ اگلی ہی گیند پر نئے بھارتی بیٹر ہاردک پانڈیا بابر اعظم کو کیچ اور صائم ایوب کو وکٹ دے بیٹھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے سب سے بڑے شہر کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ہمیں اندازہ ہے کہ اس قسم کی پچز پر کیسے کھیلا جاسکتا ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادو ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








