کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے طویل عرصے سے فراڈ کرنے والے جعلی پولیس افسر ظفر خان کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر پہلے ہی 6مقدمات درج ہیں، ساتواں بھی درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جعلی پولیس افسر ظفر خان کی گرفتاری سرجانی سے عمل میں لائی گئی۔ پولیس کی وردی میں پائے جانے پر ملزم سے پوچھ گچھ کی گئی جو نہ اپنی تعیناتی کا بتا سکا اور نہ ہی سروس ریکارڈ پیش کرسکا۔
سرجانی پولیس کے مطابق ملزم نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں محکمہ پولیس سے نہیں بلکہ ایک کریمنل ہوں۔ شوقیہ طور پر اور لوگوں کو ڈرانے کیلئے پولیس یونیفارم پہنتا ہوں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا سی آر او ریکارڈ چیک کیا تو مزید کریمنل ریکارڈ مل گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف 2021 سے 2023 تک 6 مقدمات درج ہوئے۔ ملزم پر 4مقدمات حیدر آباد مکی شاہ اور 2 کراچی کے علاقے ملیر کھوکھرا پار میں درج ہیں۔ ساتواں مقدمہ سرجانی تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








