پاکستان نے آئی ایم ایف کو چیئرمین نیب کی تقرری کا ایکشن پلان بتا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

آئی ایم ایف
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان نے آئی ایم ایف کو چیئرمین نیب کی تقرری کاجائزہ لینے، اعلیٰ سطحی سول سرونٹس کے اثاثہ جات کے گوشوارے شائع کرنے اور اثاثوں کے خطرات پر مبنی تصدیق کا نظام متعارف کرانے کیلئے ایکشن پلان پر آگہی دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نیب چیئرمین کی تقرری کے طریقہ کار پر نظرِ ثانی کرے گی اور اسے وفاقی کابینہ کے سامنے غور کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 25 فروری سے 11مارچ تک پاکستان کا دورہ کرے گا ، جس کا مقصد طرز حکمرانی اور بدعنوانی کی تشخیص ہے۔

اس دوران آئی ایم ایف کا جائزہ مشن ملک کے کلیدی نگراں اداروں کےسربراہان کی تقرری پر پاکستان کے ردِ عمل کا جائزہ لے گا جبکہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور نیب جیسے اداروں کے سربراہان کی تقرری کے فریم ورک کا جائزہ لے کر اسے مزید مؤثر بنایا جائے۔

اس کیلئے پاکستان کو کمپیٹیشن ایکٹ 2010 میں ترمیم کی ضرورت پیش آئے گی تاکہ چیئرپرسن کی عیلحدہ اور خودمختار تقرری کا عمل ممکن بنایا جاسکے۔ سی سی پی قواعد کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا جس میں چیئرمین اور ممبران کی تقرری کا مکمل طریقہ کار اور دیگر عوامل کی اشاعت شامل ہوگی۔

توقع کی جارہی ہے کہ 27 جون تک اجناس کی منڈیوں سمیت تمام تر منڈیوں میں مسابقت کو یقینی بنانے کی مؤثریت میں اضافہ ہوگا۔ چیئرمین نیب کی تقرری کے عمل پر جائزے کی تکمیل کے بعد غور و خوض کے ساتھ اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے جس کا مقصد 27 جون تک نیب کی عوامی ساکھ میں اضافہ کرنا ہے۔

Related Posts