ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو 9وکٹس سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
بھارتی شہر کولکتہ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں کیوی کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹس کے نقصان پر 169رنز بنائے جو سیمی فائنل کیلئے ناکافی اسکور ثابت ہوا۔
جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن کی 55رنز کی ناقابلِ شکست اننگ بھی ساؤتھ افریقہ کو ہار سے نہ بچا سکی۔ ایڈن مارکرم نے 18، کوئنٹن ڈی کوک نے 10 جبکہ اسٹبز نے 29 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے میت ہیری، رچن رویندرا اور مک کونکی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے 170 رنز کا ہدف حاصل کرنے کیلئے بیٹنگ شروع کی تو فن ایلن اور ٹم سائفرٹ کریز پر جم گئے اور دھواں دھار بیٹنگ کی۔ کیویز نے اپنا ہدف 13ویں اوور میں صرف 1 وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری اسکور کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 100 رنز بنائے جس میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ ساتھی بیٹر ٹم سائفرٹ نے 2چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 33گیندوں پر 58رنز بنائے۔
ماضی میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف 47گیندوں پر سنچری بنا کر ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ٹی 20ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعہ کے روز بھارت اور انگلینڈ کے مابین ممبئی میں ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








