کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے عالمی سطح پر ایل این جی کی فراہمی میں تعطل کے باعث کراچی میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی محدود کر دی ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ صورتحال امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جاری حملوں کے بعد عالمی گیس سپلائی چین میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔نئے غیر اعلانیہ شیڈول کے تحت صارفین کو صبح 3 بجے سے 9 بجے تک اور شام 3 بجے سے رات 9 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔
اس سے قبل کمپنی کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران شام 3:30 بجے سے رات 10:30 بجے تک بلا تعطل گیس فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم مبینہ طور پر اس اعلان کی پاسداری سے گریز کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب ایس ایس جی سی کراچی میں گیس لوڈشیڈنگ کے نمایاں اقدامات بھی کر رہی ہے۔ گھریلو صارفین کو ترجیح دینے کے لیے صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کی گیس 48 گھنٹوں کے لیے بند کی جا رہی ہے۔ معمول کے لوڈ مینجمنٹ کے تحت اکثر رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس بند رہتی ہے یا پھر خاص طور پر سردیوں اور مصروف اوقات میں کم پریشر کی شکایات سامنے آتی ہیں۔
کمپنی کے مطابق ملک میں مقامی گیس کے ذخائر ہر سال تقریباً 10 فیصد تک کم ہو رہے ہیں جس کے باعث نظام میں مجموعی گیس سپلائی میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








