راولپنڈی اسلام آباد میں دہشت گردی کے خدشے کے باعث سکیورٹی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں میں دہشت گردوں کے جانب سے ممکنہ کارروائی کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کےمطابق طالبان رجیم نے بی ایل اے اور ٹی ٹی پی سمیت دہشت گرد گروہوں اور سلیپر سیلز پر دباؤ بڑھا دیا ہے جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کا خدشہ ہے۔ ممکنہ حملے اگلے 48گھنٹوں میں شروع ہو کر سکیورٹی خدشات میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کیلئے حساس مقامات میں فیصل مسجد، سینٹورس مال، پمز ہسپتال، ایچ 8 اتوار بازار، جی 6 بازار کی مساجد شامل ہیں جنہیں تراویح اور جمعہ کی نماز کے دوران نشانہ بنایا جاسکتا ہے جبکہ دہشت گرد شاپنگ مالز کے علاوہ رش سے بھرپور دیگر مقامات کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ راولپنڈی میں صدر، راجا بازار، صادق آباد بازار(ٹرالی اڈہ)، دبئی پلازہ، موتی بازار اور رش سے بھرپور دیگر مقامات بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہوسکتے ہیں۔
سکیورٹی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں پرہجوم مقامات اور اسٹالز سے دور رہیں جہاں دہشت گردی کا خدشہ ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








