صوبائی دارالحکومت کے پوش علاقے ڈیفنس میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر کروڑوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ واقعے کا مقدمہ پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق واردات کے متاثرہ شہری عامر سعید کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ علی الصبح اس وقت پیش آیا جب اہل خانہ سحری کے بعد گھر میں موجود تھے۔ اسی دوران چار ملزمان ایک کار میں سوار ہو کر گھر پہنچے اور اندر داخل ہو گئے۔
ملزمان نے گھر میں داخل ہوتے ہی اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو ٹی وی لاؤنج میں یرغمال بنا لیا اور گھر کے مختلف کمروں سے قیمتی سامان اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔ ڈاکو تقریباً 200 تولہ سونا، ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے کے زیورات اور لگ بھگ 10 کروڑ روپے مالیت کی دیگر قیمتی اشیا ساتھ لے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے گھر کی دوسری منزل سے بھی تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کے زیورات اور کچھ غیر ملکی کرنسی لوٹ لی۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان صبح تقریباً 4 بج کر 22 منٹ پر گھر میں داخل ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور ملزمان کی شناخت کے ساتھ ان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








