پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے ’’تیار ہیں‘‘ کو شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترنے اور لوگوں کی جانب سے گانا پسند نہ کیے جانے پر گلوکارعاصم اظہرنےشائقین سے معذرت کرلی۔
چند روز قبل پی ایس ایل 5 کا آفیشل گانا ’’تیار ہیں‘‘ ریلیز کیا گیا تھا جس میں پاکستان کے معروف گلوکار علی عظمت، لوک گلوکار عارف لوہار، گلوکار ہارون رشید اور عاصم اظہر نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
پی ایس ایل 5 کے آفیشل ترانے ‘تیار ہیں کی ہدایت کاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان (زلفی) اور کمال خان نے دی، ترانے کی موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت 22 سازوں کا استعمال کیا گیا۔
تاہم گانے کی ریلیز کے بعد بہت سے لوگوں کی امیدیں مایوسی میں بدل گئیں کیونکہ گزشتہ سیزن کی طرح اس بار بھی پی ایس ایل کا نیا گانا لوگوں کی توقعات پر پورا نہیں اتراتھا ، مداحوں کی جانب سے اس ترانے کے فنکاروں پر بھی تنقید کی جارہی تھی۔
اس تمام تر صورتحال کے بعد پی ایس ایل 5 کے آفیشل ترانے کے گلوکار عاصم اظہر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرردِعمل سامنے آیا ہےجس میں انہوں نے مداحوں کوسے معذرت کرتے ہوئے پیغام دیا۔
اپنے بیان میں عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ ‘میں خود کرکٹ کا بہت بڑا مداح ہوں اور یہی وجہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی عوام کے لیے کرکٹ اور پی ایس ایل اتنا اہم کیوں ہے؟ لہٰذا میں ان تمام مداحوں سے معذرت خواہ ہوں جن کی امیدوں پر میں پورا نہیں اتر سکا۔
ان کا کہناتھا کہ میں جانتا ہوں آپ لوگ سال کے اس وقت کے لیے کتنا انتظار کرتے ہیں لیکن ہم سب نے اچھی نیت کے ساتھ، اپنے ملک اور کرکٹ کی محبت میں بہترین اور کچھ مختلف کرنے کی پوری کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی گلوکار عاصم اظہر اور معروف امریکی بینڈ کریویلا کا نیا گانا ریلیز کر دیا گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








