سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے عیدالفطر کے موقع پر گیس کی فراہمی کے لیے خصوصی شیڈول جاری کر دیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
کمپنی کے اعلامیے کے مطابق چاند رات سے لے کر عید کے پہلے دن، رات 12 بجے تک گیس مسلسل دستیاب رہے گی اور اس دوران کسی قسم کی بندش نہیں ہوگی۔ گیس کے دباؤ کو برقرار رکھنے اور نظام کو متوازن رکھنے کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ عید کے دوسرے روز بھی پورا دن گیس کی سپلائی جاری رکھی جائے گی۔
عید کے دوسرے دن رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک گیس بند رہے گی۔ عید کے تیسرے دن صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی جبکہ چوتھے دن صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک گیس دستیاب ہوگی۔
ایس ایس جی سی کے مطابق 24 مارچ سے گیس کی فراہمی کا معمول کا شیڈول دوبارہ نافذ کر دیا جائے گا جس کے تحت رات 10 بجے سے صبح 5:30 بجے تک گیس بند رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








