عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اچانک کیوں کم ہوئی؟ اصل وجہ سامنے آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

عالمی مارکیٹ میں بدھ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی جہاں نرخ 5 فیصد سے زائد نیچے آگئے۔ اس کمی کی بڑی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی اور جنگ بندی کی توقعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکہ نے ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا ہے جس کے بعد خطے میں تیل کی ترسیل بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی کم ہوتی ہے تو سپلائی میں رکاوٹیں بھی کم ہو سکتی ہیں جس کا اثر قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔

برینٹ خام تیل کے فیوچر معاہدوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور قیمت تقریباً 98 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آگئی جبکہ دورانِ ٹریڈنگ یہ اس سے بھی نیچے گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی کم ہو کر تقریباً 87 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی اور سیشن کے دوران مزید گراوٹ بھی دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل شدید متاثر ہوئی تھی۔ یہ گزرگاہ عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے اور دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اسی راستے سے گزرتا ہے۔

دوسری جانب سپلائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے سعودی عرب نے بحیرہ احمر میں واقع ینبع بندرگاہ کے ذریعے تیل کی برآمدات میں اضافہ کر دیا ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق وہاں سے یومیہ برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں خطے کی سیاسی صورتحال اور سپلائی چین کی بحالی تیل کی قیمتوں کے رخ کا تعین کرے گی۔

Related Posts