پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں سیشن کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے قذافی اسٹیڈیم میں حیدرآباد کنگز مین کو 69 رنز سے شکست دے کر شائقین کو خوش کر دیا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے جس میں فخر زمان نے 39 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ فخر زمان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔ محمد نعیم نے 30 رنز بنائے، جبکہ حسیب اللہ خان 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سکندر رضا نے 24 اور پرویز حسین 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ عبداللہ شفیق صرف 4 اور آصف علی 9 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوئے۔
حیدرآباد کنگزمین کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف ملا لیکن وہ مقررہ 19.5 اوورز میں صرف 130 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان مارنس لبوشین نے 26 اور صائم ایوب نے 17 رنز بنائے۔ عثمان خان نے 9، عرفان خان 4، حسان خان 14 اور کوشل پریرا 1 رن بنا کر پویلین لوٹے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا، حارث رؤف اور عبید شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ حیدرآباد کی ٹیم کی جانب سے حسان خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، رائلی میردیتھ نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس فتح کے ساتھ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 11 کا شاندار آغاز کیا اور حیدرآباد کنگزمین کو باآسانی شکست دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








