لاہور: پولیس چوکی سے 4بچوں کے باپ کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد، 7اہلکاروں پر مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور کی پولیس چوکی سے 4بچوں کے باپ کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی ہے، جس پر 7اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جاں بحق شخص نجی یونیورسٹی میں مالی کی حیثیت سے کام کرتا تھا اور 4بچوں کا باپ تھا، جس کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس اہلکار جاں بحق شخص کو بیٹے کے سامنے مارپیٹ اور تشدد کا نشانہ بناتے رہے اور 2 لاکھ روپے رشوت بھی مانگی۔

لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکار رقم لانے تک جاں بحق شخص کی لاش کو پنکھے سے لٹکتا ہوا چھوڑ کر چوکی سے باہر نکل گئے تھے۔ جاں بحق شخص کی شناخت افتخار کے نام سے ہوئی جبکہ مقدمے کے اندراج کے ساتھ ہی واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں کہ افتخار نے کسی دباؤ میں آکر خودکشی کی یا اسے قتل کیا گیا۔ واضح رہے کہ افتخار کا تعلق سادھوکی گاؤں سے تھا، پولیس نے 26مارچ کو نجی سوسائٹی سے لڑکی اغوا کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں قتل کا جرم ثابت ہونے پر اہلکاروں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ لواحقین کی جانب سے لگائے گئے رشوت خوری اور انسانیت سوز تشدد کے الزامات پر بھی تفتیش کا عمل جاری ہے۔

Related Posts