ملک کی مقبول ترین سیاسی پارٹی پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ قائد عوام کو آج ہی کے دن 47 برس قبل راولپنڈی میں قتل کے ایک مقدمے میں پھانسی دی گئی تھی،
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ مارچ 2024 میں یہ قرار دے چکی ہے کہ اس مقدمے میں ان کا ٹرائل منصفانہ نہیں تھا، جس نے اس فیصلے پر کئی سوالات کو مزید تقویت دی۔ذوالفقار علی بھٹو ملکی و عالمی سطح پر ایک بااثر اور مقبول رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے۔
ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، اعلیٰ تعلیم کے لیے کیلیفورنیا اور بعد ازاں آکسفورڈ گئے جہاں سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ ان کی شخصیت میں قائدانہ صلاحیتیں، فکری وسعت اور عوامی رابطے کی غیر معمولی قوت نمایاں تھی۔
سال 1963 میں وہ جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزیر خارجہ بنے، تاہم بعد میں اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کر لی اور ترقی پسند ساتھیوں کے ہمراہ 30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، جو اپنے نظریات اور عوامی سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعتوں میں شامل ہو گئی اور سیاسی منظرنامے پر گہرے نقوش چھوڑے۔
وہ 1971 سے 1973 تک سویلین مارشل لا ایڈمنسٹریٹر اور صدر پاکستان رہے، جبکہ 1973 سے 1977 تک منتخب وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، متفقہ آئین دیا اور اسلامی دنیا کو یکجا کرنے کی کوشش کی، جس کے باعث وہ عالمی قوتوں کے لیے ایک چیلنج بنے رہے۔
تاہم قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور داخلی و خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیاء الحق نے ان کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا اور قتل کے مقدمے میں انہیں 4 اپریل 1979 کو پھانسی دے دی گئی۔ اگرچہ ان کی زندگی کا باب بند کر دیا گیا، مگر ان کے نظریات آج بھی زندہ ہیں، ان کی پھانسی اور شہادت کو پی پی پی رہنما آج بھی ملکی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہیں۔۔
قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹوپاکستان کی سیاسی تاریخ میں مرکزی مقام رکھتے ہیں، 1971 کے بعد کے مشکل دور میں ان کی قیادت نے قومی اعتماد کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے 1973 کے آئین کی منظوری کو 70 کی دہائی کی سب سے پائیدارکامیابیوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے ایسی پالیسیوں اور اداروں کی بنیاد رکھی جنہوں نے ملک کی اسٹریٹجک سمت کو متعین کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








