اسلام آباد: پاکستان نے مشرق وسطیٰ صورتحال پر من گھڑت خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں نام نہاد ذرائع کے حوالے سے شائع کی گئی اطلاعات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارتِ خارجہ طاہر اندرابی نے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا کہ سرکاری ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ علاقائی کشیدگی کے حوالے سے کسی بھی سرکاری ذرائع سے منسوب کی گئی باتیں درست نہیں بلکہ محض قیاس آرائیوں کی حیثیت رکھتی ہیں۔
بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جمعہ کے روز وزارتِ خارجہ کی بریفنگ کو بھی غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ ایسے نکات شامل کیے گئے جن پر نہ بات کی گئی اور نہ ہی اشارہ دیا گیا تھا۔ یہ صورتحال باعث تشویش اور حساس علاقائی صورتحال میں ذمہ دارانہ صحافت نہایت ضروری ہے۔
میڈیا پلیٹ فارمز کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا کہ غیر مصدقہ معلومات کو فروغ دینے سے گریز کریں اور صرف مستند سرکاری بیانات پر انحصار کریں، جس کا مقصد عوام تک درست اور بر وقت معلومات پہنچانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








