غنڈا گردی کی انتہا، راستہ مانگنے پر سفاک شخص نے معروف عالم دین کی بیوی کو سرعام قتل کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

غنڈا گردی کی انتہا، راستہ مانگنے پر معروف عالم دین کی بیوی کو سفاک شخص نے سرعام فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

راولپنڈی کے تھانہ وارث خان اور چاہ سلطان کے حدود میں ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں جے یو آئی راولپنڈی کے امیر مفتی مسرت اقبال کی اہلیہ مسماۃ نازیہ مسرت بھائی کے ہمراہ اپنی والدہ کی تیمارداری کے لیے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جا رہی تھیں کہ راستے میں بیچ سڑک پر ایک کار کھڑی ملی، راستہ مانگنے پر کار سوار درندہ صفت شخص نے ان پر سرعام فائرنگ کر دی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون کے اہل خانہ کی کار روڈ پر کھڑی ایک گاڑی کی وجہ سے راستہ مانگ رہی تھی، جس پر مذکورہ کار کے ڈرائیور نے شدید غصے میں آ کر گولی چلائی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوئیں اور ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ نعش پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیا اور ایس پی راول سے رپورٹ طلب کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا اور زیر استعمال کار بھی قبضے میں لے لی گئی۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم ترجمان پولیس نے کہا کہ زیر حراست شخص کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

جمعیت علماء اسلام پاکستان کی ضلعی، صوبائی اور مرکزی قیادت نے اس انسانیت سوز واقعہ کی شدید مذمت کی اور اسے کھلی درندگی اور حکومتی رٹ کی ناکامی قرار دیا۔ قائدین نے مفتی مسرت اقبال اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور مرحومہ کی مغفرت کی دعا کی۔

جے یو آئی رہنماؤں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ قاتل کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں، ورنہ وہ ہر سطح پر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

Related Posts