کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

بارش
(فوٹو: ڈان)

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوگی، محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آج شام کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ صوبہ بلوچستان کے مغربی اضلاع میں داخل ہوگا۔

مغربی ہواؤں کا سلسلہ 9 اپریل تک ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا ماننا ہے کہ مغربی ہواؤں کے زیر اثر بلوچستان کے علاقوں پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب میں آج سے 7اپریل تک بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بلوچستان کے دیگر علااقوں بشمول بارکھان، لسبیلہ، کوہلو اور نصیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں بھی 6 سے 9اپریل کے دوران بارشیں ہوں گی۔

بارش سے متوقع طور پر متأثر ہونے والے دیگر شہروں میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے شہروں بشمول سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکارپور میں 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ گلگت بلتستان کے اضلاع استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح  آزاد کشمیر کے علاقوں باغ، راولاکوٹ اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ماہرین موسمیات نے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو بارش کے ایام میں بلا ضرورت سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔

Related Posts