پاکستان سپر لیگ 11 کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایونٹ کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدِمقابل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ شام 7 بجے ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک سخت اور دلچسپ میچ کی توقع ہے۔ ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ابتدائی میچز میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے اور آج کے میچ میں کم بیک کی خواہاں ہے۔
گزشتہ میچوں کی بات کی جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے حالیہ مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں انہوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 183 رنز بنائے تاہم حریف ٹیم نے ہدف 18.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
دوسری جانب ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور دیگر ٹیموں کے خلاف کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مضبوط بنائی ہے، جس سے ان کا مورال بلند ہے۔ادھر گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈی کی ٹیم کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد نے اپنی فاتحانہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا، جس میں بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں متوازن کھیل دیکھنے کو ملا۔ ماہرین کے مطابق آج کا مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے، کیونکہ جیتنے والی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر سکتی ہے جبکہ ہارنے والی ٹیم کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








