وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ کا سلسلہ جاری رہا تو تیل کی قیمتیں دگنی ہو سکتی ہیں، جس کے اثرات براہِ راست عوام اور معیشت پر پڑیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے نہ صرف قیمتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ فراہمی میں بھی رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے متبادل ذرائع سے تیل کی درآمد کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں امریکا، افریقی ممالک، لیبیا اور نائجیریا سے تیل منگوایا جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ نئے سپلائی چین کے تحت تیل کی ترسیل میں وقت درکار ہوگا، جس کے باعث وقتی دباؤ برقرار رہ سکتا ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ عوام کو کم سے کم متاثر ہونا پڑے۔ ماہرین کے مطابق اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو نہ صرف تیل بلکہ دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








