لاہور پولیس نے گھروں میں چوریاں کرنے کیلئے بچے کا استعمال کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان گھروں کی ریکی کے دوران شک سے بچنے کیلئے بچے کو ساتھ رکھتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے چوری کی وارداتوں کیلئے بچے کا استعمال کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا جن کا آپس میں رشتہ میاں بیوی کا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔
ملزمان کے طریقہ واردات پر روشنی ڈالتے ہوئے لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان ماضی مں بھی متعدد وارداتیں کرچکے ہیں اور ریکارڈ یافتہ مجرم ہیں۔ میاں بیوی بند گھروں کے تالے توڑ کر چوریاں کرتے تھے، جس میں گرفتاری کا خدشہ کم تھا۔
ملزمان کے خلاف شکایات درج ہونے پر پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار میاں بیوی نے دورانِ تفتیش چوری کی 7وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ سامان اور نقد رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ تاحال مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جس میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔ ملزمان کے خلاف کارروائی کا اصل آغاز تھانہ سمن آباد میں درج ہونے والے مقدمے کے بعد کیا گیا۔ ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے جدید ذرائع بروئے کار لائے گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








