اسلام آباد مذاکرات کے پیش نظر مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کے امکانات سامنے آنے کے بعد رواں ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای 100انڈیکس میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری نے انڈیکس کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 16 ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا، جو ایک نیا سنگِ میل ہے۔ پانچ کاروباری سیشنز کے دوران 100 انڈیکس میں مسلسل بحالی کا رجحان غالب رہا اور مجموعی طور پر 16 سطحیں دوبارہ حاصل ہوئیں۔ اس تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے تقریباً 1 ہزار 748 ارب روپے واپس آئے، جس سے مارکیٹ میں مجموعی مالیت میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 191 پوائنٹس پر بند ہوا، جبکہ ہفتے کے دوران اس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 68 ہزار 290 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب ہفتہ وار کم ترین سطح ایک لاکھ 47 ہزار 771 پوائنٹس رہی، جس سے مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مجموعی رجحان مثبت رہا۔
کاروباری سرگرمیوں میں بھی واضح اضافہ دیکھا گیا، جہاں اوسط یومیہ تجارتی حجم ہفتہ وار بنیاد پر 55.5 فیصد بڑھ کر 76 کروڑ 50 لاکھ شیئرز تک پہنچ گیا۔ اسی طرح اوسط یومیہ تجارتی مالیت میں 47.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 14 کروڑ 81 لاکھ ڈالر رہی۔ مارکیٹ کی مجموعی مالیت بھی ہفتے بھر میں ایک ہزار 748 ارب روپے بڑھ کر 18 ہزار 473 ارب روپے تک جا پہنچی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا کے ایس ای-100 انڈیکس 3 اپریل 2026 کو تقریباً 150,398 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جبکہ رواں ہفتے کے اختتام پر 10 اپریل 2026 کو انڈیکس بڑھ کر 167,191 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ اس طرح ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر 16,792 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو تقریباً 11 فیصد ہفتہ وار تیزی بنتی ہے۔ اس غیر معمولی نمو کی بنیادی وجہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور عالمی کشیدگی میں کمی سے پیدا ہونے والا مثبت رجحان ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








